ٹوکیو(عرفان صدیقی)اولمپک ہیرو حسین شاہ کا 120گز کا پلاٹ بھی قبضہ مافیا کی نذر، ایشین گولڈ، پانچ سیف ٹائٹلز اور اولمپک برانز کے باوجود وطن میں زمین سے محروم۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ باکسر حسین شاہ ملک کے وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اولمپکس میں باکسنگ کے شعبے میں برانز میڈل حاصل کیا، ایک بار پھر اپنے وطن میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ حسین شاہ نے نہ صرف 1988اولمپکس میں میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا بلکہ ایشیا کپ میں گولڈ میڈل اور پانچ مرتبہ سیف گیمز میں گولڈ جیت کر ملک کو متعدد بڑے اعزازات دلوائے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں درجنوں تمغے اور ٹائٹلز حاصل کئے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی۔ان عالمی کامیابیوں کے اعتراف میں انہیں 1988 میں بینظیر بھٹو کے دورِ حکومت میں کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر بلاک 10میں 120گز کا پلاٹ دیا گیا تھا۔ تاہم اب اس پلاٹ پر قبضہ ہو چکا ہے اور وہ کراچی میں اپنا گھر تک نہیں بنا سکے۔حسین شاہ کا کہنا ہے کہ آج کل اولمپک میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو حکومتیں کروڑوں روپے اور زمینیں دیتی ہیں، مگر انہیں اپنے وقت میں صرف 120 گز کا پلاٹ اور 25 ہزار روپے دیئے گئے تھے۔