اسلام آباد (محمد صالح ظافر/خصوصی تجزیہ نگار) 28ویں ترمیم کی آہٹ: دونوں ایوانوں کا اجلاس آئندہ ہفتے بلانے کا فیصلہ، اہم قانون سازی کیلئے مسودہ تیار ہوگیا تو اجلاس پہلے بھی بلایا سکتا ہے سیکرٹریٹ کو 27 نومبر کی تاریخ دی جا چکی، 28ویں ترمیم پراسٹیک ہولڈرز میں درپردہ مشاورت جاری ، 26 اور 27ویں ترامیم میں گیارہ ماہ کی دوری تھی، بلدیاتی اداروں کی خودمختاری کیلئے آئینی تحفظ اور قومی مالیاتی تقسیم کو تا دیر معرض التوا میں نہیں رکھا جا سکے گا، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان ایک دوسرے سے خوفزدہ چل رہے ہیں ، مزاحمت میں تحریک انصاف کی پسپائی،قومی اسمبلی کے پانچویں اجلاس میں بھی قائد حزب اختلاف نہیں ہوگا اسپیکر سردار ایاز صادق محمود اچکزئی کو قائد حزب اختلاف کی نشست کے قریب نہیں آنے دینگے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نےاہم قانون سازی کے لئے قومی اسمبلی اورسینیٹ کے اجلاس آئندہ ہفتے دوبارہ طلب کرنے کافیصلہ کرلیا ہے۔ مجوزہ مسودات قوانین مرتب کرنے کا کام زور و شور سے جاری ہے مسودات پہلے تیار ہوگئے تو اجلاس اس سے پہلے بھی بلائے جاسکتے ہیں ۔جنگ /دی نیوز کو حد درجہ قابل اعتماد پارلیمانی ذرائع سے پتاچلا ہے کہ حکومت نے اجلاس بلانے کے لئے 27نومبر کی تاریخ سے اسپیکر سیکریٹریٹ کو آگاہ کررکھا ہے۔