کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمدنے کہا کہ رائیڈرز کو ہزاروں کا چالان تھما نا، نوالا چھیننے کے مترادف ہے، ہمارا موقف اب بھی یہی ہے کہ پہلے ڈمپرز، ٹینکرزسمیت ہیوی ٹریفک کا قبلہ درست کیا جائےتاکہ لوگوں کو کچلنے کا سلسلہ بند ہو۔ آفاق احمد نے کہا کہ کراچی میں بے ہنگم ٹریفک کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے، کے ٹی سی جیسے مثالی ادارے کی بندش کے بعد شہر کے نصیب میں صرف چنگچی رکشا اور ریس لگاتی منی بسیں اور کوچز آئیں جنکے ڈرائیورز کی اہلیت جانچنے کا کوئی پیمانہ ہے نہ گاڑیوں کی فٹنس۔ آفاق احمد نے کہا کہ ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے ٹریکر نہ ہونے یا ٹریکرکاکنٹرول ٹریفک پولیس کو نہ دینے والے ڈمپر، ٹینکر کی بندش احسن اقدام ہے لیکن یہ مستقل حل نہیں، ہیوی ٹریفک کو منظم بنانے کیلئے اوقات کار اور رفتار کی پابندی، سائیڈ رنر اور فرنٹ و بیک کیمروں کی موجودگی، تربیت یافتہ ڈرائیور، گاڑیوں کے کاغذات و فٹنس سرٹیفکیٹ اور سڑکوں کی حالت بہتر بنانا ضروری ہے۔