• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی ولی عہد کا دورہ امریکا‘ عالمی و علاقائی طاقتوں کی گہری دلچسپی

اسلام آباد ( فاروق اقدس ) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ امریکا میں دنیا کی اہم عالمی طاقتوں کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیا سمیت خطے کے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک بھی گہری دلچسپی لے رہے ہیں‘ دوسری مرتبہ منصب صدارت سنبھالنے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سعودی ولی عہد کی یہ دوسری ملاقات ہے‘ اس سے قبل رواں سال مئی کے وسط میں ٹرمپ نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا‘ ان کی جانب سے نہ صرف اپنی پہلی صدارتی مدت بلکہ موجودہ مدت میں بھی سعودی عرب کو اپنی پہلی بیرونی سرکاری دورے کی منزل کے طور پر منتخب کرنا اس بات کی غمازی کرتا ہے اور واضح علامت بھی ہے کہ سعودی عرب آج جو جیو پولیٹیکل مقام حاصل رکھتا ہے وہ یقینا غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے‘ اس حوالے سے امریکا میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات کے لیے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ‘سعودی عرب کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون کے نئے اور وسیع افق کھولے گا‘یہ تاریخی دورہ ریاض اور واشنگٹن کے درمیان گہری شراکت داری کا مظہر ہے اور اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ دونوں ملکوں کی قیادتیں باہمی مفادات کو مضبوط بنانے اور سیاسی اقتصادی اور سکیورٹی تعاون کے نئے مرحلے کی جانب پیش قدمی کے لیے پرعزم ہے جس سے علاقائی اور عالمی استحکام کو تقویت ملے گی ۔
اہم خبریں سے مزید