اسلام آباد (مہتاب حیدر) نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا چکن کی بڑھتی قیمتوں پر شدید تشویش کا اظہار، کمپٹیشن کمیشن سے کھانا پکانے کے تیل کیخلاف انکوائری مکمل کرنے میں ناکامی پر سوال ۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے چکن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان سے دریافت کیا کہ کمیشن گھی/کھانا پکانے کے تیل کے خلاف اپنی انکوائری مکمل کرنے کا کام انجام دینے میں کیوں ناکام رہا۔ ای سی سی نے اگست 2025 میں سی سی پی کو یہ حوالہ دیا تھا کہ وہ تحقیق کرے کہ عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک میں گھی/کھانے کے تیل کی قیمتوں میں یہ کمی صارفین تک مکمل طور پر کیوں نہیں پہنچی۔ تاہم، ذرائع کے مطابق، سی سی پی نے جواب دیا کہ ساز باز کو بے نقاب کرنے کے لیے ثبوت درکار ہیں اور ان کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔