کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک “ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینیٹر علی ظفر نے اٹھائیسویں ترمیم میں لوکل باڈیز کے حوالے سے ترمیم کی حمایت کرتے ہوئے پاپولیشن پلاننگ تعلیم اور صحت کے شعبے واپس وفاق کو دینے کی تجویز دے دی۔ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ہارون الرشید نے اتفاق کیا کہ آئینی ترمیم کے ذریعے ترقیاتی فنڈ ایم این ایز ، سینیٹرز اور اراکین صوبائی اسمبلی کی بجائے لوکل گورنمنٹ کو دئیے جانے چاہئیں۔ میزبان حامد میر نے اپنےتجزیہ میںکہا کہ کیا عوام ، نوجوان اسٹوڈنٹس عورتوں اقلیتوں کے مفاد میں بھی کوئی آئینی ترمیم ہوسکتی ہے یا نہیں ہوسکتی اس پر ہمارے مہمانوں کا کہنا ہے کہ اس وقت بہت سی ترامیم کی گنجائش موجود ہے اور آئین میں کوئی ایسی ترمیم بھی ہونی چاہئے جس سے پاکستان کے عام آدمی کو احساس ہو کہ شکر ہے کوئی ترمیم ہمارے لئے بھی ہوئی ہے۔