اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل منظور احمد ججہ نے کہا ہے کہ وکلاء نے سبق سیکھ لیا، ججز اپنی لڑائیاں خود لڑیں، وکلا انکے ساتھ نہیں ہیں، ہائی کورٹ کی عمارت کہیں منتقل نہیں ہو رہی، ابھی مزید استعفے بھی آئیں گے، 2021 میں ججز نے اپنا الگ دھڑا بنا کر وکلا کو جیلوں میں ڈالا جس سے سبق سیکھ لیا۔ ہائیکورٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منظور احمد ججہ نے کہا کہ گزشتہ رات کو خبر چلی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ شاہراہ دستور سے منتقل ہو رہی ہے، اسکے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبر وائرل ہو گئی کہ ہائی کورٹ شفٹ ہو رہی ہے۔ منظور احمد ججہ نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت صدیقی کی کوششوں سے ہائی کورٹ کی موجودہ عمارت ملی، اسلام آباد ہائی کورٹ کو موجودہ بلڈنگ میں شفٹ ہونے میں 13 سال لگ گئے۔