• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جذباتی دھوکا زیادہ تکلیف دہ، جسمانی بے وفائی بھی ناقابلِ قبول ہے: سنیتا آہوجا

بالی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا—فائل فوٹو
بالی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا—فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے جذباتی و جسمانی دھوکے کے حوالے سے اپنی خاموشی توڑ دی، انہوں نے ازدواجی رشتے میں اعتماد، و فاداری اور دھوکے کے موضوع پر کھل کر بات کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چند ماہ قبل گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان علیحدگی کی افواہوں کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ سنیتا نے اس معاملے پر لب کشائی کی ہے۔

انہوں نے جذباتی بے وفائی کو سب سے زیادہ تکلیف دہ قرار دیا ہے اور ساتھ ہی گووندا کے ساتھ اپنی 38 سال کی شادی، طلاق کی افواہوں اور ایک فلمی ہیرو کی بیوی ہونے کے حوالے سے خود پر محسوس ہونے والے دباؤ پر روشنی ڈالی ہے۔

انٹرویو میں سنیتا سے پوچھا گیا کہ وہ جذباتی یا جسمانی میں سے کس قسم کی بے وفائی یا دھوکے کو سب سے زیادہ تکلیف دہ سمجھتی ہیں؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب آپ کسی سے دل سے محبت کرتے ہیں اور پھر اسے دھوکا دیتے ہیں، یہ غلط ہے، میں بہت جذباتی ہوں، میں گووندا سے اپنے آخری سانس تک محبت کرتی ہوں، اگر مجھے میرے بچے یا شوہر بھی جذباتی دھوکا دیں تو بہت تکلیف ہوتی ہے، کبھی کسی کو جذباتی دھوکا مت دیں، یہ بہت غلط ہے۔

جسمانی بےوفائی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جسمانی بے وفائی و دھوکا بھی نہیں کرنا چاہیے، آخر ان چیزوں کی ضرورت ہی کیا ہے؟ ہمارے ماں باپ نے ہمیں ایسی تربیت نہیں دی، آج کل کے رشتوں میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ غلط ہے، یہ واقعی سیاہ دور ہے۔

سنیتا نے اپنی شادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گووندا ایک فلمی ہیرو ہیں، ہیرو ہیروئنز کے ساتھ ہم سے زیادہ وقت گزارتے ہیں، وہ 40 دن کی شوٹنگ پر نکل جاتے تھے اور میں گھر پر ہوتی تھی، ہیرو کی بیوی بننے کے لیے دل پتھر کا ہونا چاہیے، 38 سال بعد مجھے یہ بات سمجھ آئی، جوانی میں محبت اتنی زیادہ تھی کہ کچھ اور دکھائی نہیں دیتا تھا۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ شروع میں دونوں نے غلطیاں کیں اور کہا کہ جوانی میں غلطیاں ہو جاتی ہیں، میں نے بھی کیں اور گووندا نے بھی، مگر عمر بڑھنے اور بچوں کے بعد خود پر قابو رکھنا چاہیے، گھر، بیوی، بچے سب کچھ ہے تو پھر غلطی کی کیا ضرورت ہے؟

یاد رہے کہ حال ہی میں گووندا کو زیادہ کام اور تھکن کے باعث چکر آنے پر اسپتال لے جایا گیا تھا، اب وہ گھر پر ہیں اور آرام کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ تازہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب ٹوئِنکل کھنہ اور کاجول نے اپنے ٹاک شو میں یہی سوال کرن جوہر اور جھانوی کپور سے کیا تھا۔

جھانوی نے واضح کہا تھا کہ دونوں قسم کے دھوکے ناقابلِ قبول ہیں، جبکہ دونوں میزبانوں کے ہلکے پھلکے جملوں کو سوشل میڈیا صارفین نے بے وفائی کے نارمل ہونے کی طرف اشارہ قرار دیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید