کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)کی کنٹری ڈائریکٹر ایمافین نے وفد کے ساتھ ملاقات کرکے اے ڈی بی کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ترجمان وزیراعلی ہاوس کے مطابق ملاقات میں وفد کو بی آر ٹی ریڈ لائن، شہری ٹرانسپورٹ، انفرا اسٹرکچر اور موسمیاتی تحفظ کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ملاقات میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، جام خان شورو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور دیگر شریک تھے۔وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن منصوبے کے مسائل حل ہونے پر بریفنگ دی جس پر وزیراعلی سندھ نے اظہار اطمینان کیا۔اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سندھ حکومت کا دیرینہ اور قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے۔