کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اسپیشل کراچی ڈویلپمنٹ گرانٹ کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کا 9 ارب روپے مالیت کا شہر بھر کی سڑکوں کی بحالی کا منصوبہ تیار، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نےکہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے دائرہ اختیار میں آنے والی 26 سے زائد اہم سڑکوں کی بحالی کے ایک جامع منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے، ٹریفک جام میں کمی اور ملک کے سب سے بڑے شہر کی شہری نقل و حرکت کو بہتر بنانے کے لیے 9 ارب روپے مالیت کی یہ تجویز صوبائی حکومت سے اسپیشل کراچی ڈویلپمنٹ گرانٹ کے تحت منظوری کے لیے پیش کی جائے گی،اس سلسلے میں میئر کراچی کی زیر صدارت صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف ترقیاتی اسکیموں اور شہری بہتری کے پروگراموں کا جامع جائزہ لیا گیا، فیصلہ کیا گیا کہ تمام شارٹ لسٹ کردہ اسکیموں کو حتمی شکل دے کر اسپیشل کراچی ڈویلپمنٹ گرانٹ کی منظوری کیلئے ارسال کیا جائے۔