• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شامی کم عمر کارکن عالمی چلڈرن پیس پرائز کی فاتح قرار

تصویر:بین الاقوامی میڈیا
تصویر:بین الاقوامی میڈیا

جنگ کے دوران 7 سال کی عمر میں ٹوئٹر (سابقہ ایکس) پر مظلوم بچوں کی آواز بن کر دنیا بھر کی توجہ حاصل کرنے والی 16 سالہ شامی کارکن بنا العبد نے اس سال کا انٹرنیشنل چلڈرن پیس پرائز جیت لیا۔

نیدرلینڈز کی کڈز رائٹس فاؤنڈیشن کے مطابق بنا العبد کو یہ اعزاز جنگ سے متاثرہ بچوں کے لیے ان کی جدوجہد، خاندانوں کی بحالی، اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کی مہم اور غزہ، سوڈان، یوکرین اور شام جیسے علاقوں میں بچوں کے لیے امید پیدا کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا۔

بنا ال عبد 2016 میں اپنے خاندان کے ساتھ ترکی منتقل ہوئی تھیں، وہ عالمی سطح پر کانفرنسز میں بچوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہی ہیں، ترکی اور اردن کے پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کر چکی ہیں، دو کتابیں لکھ چکی ہیں اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سمیت اہم عالمی رہنماؤں سے پذیرائی حاصل کر چکی ہیں۔

اسٹاک ہوم سٹی ہال میں ایوارڈ وصول کرتے ہوئے بنا العبد نے کہا کہ میں بشار الاسد، بینجمن نیتن یاہو، ولادیمیر پیوٹن، سوڈانی جنگجو سرداروں اور دنیا بھر کے سارے جنگی رہنماؤں سے پوچھتی ہوں کہ کتنے بچوں کی زندگیاں اور خواب جنگوں نے چھین لیے؟ کتنے بچوں کو طاقت کے نام پر قتل کیا گیا؟

انہوں نے مزید کہا کہ جان لیں، آپ کے اعمال کا حساب ہوگا، ہم ان ظالموں کے سامنے خاموش نہیں رہیں گے جو خون کو اپنی حکمرانی کا ذریعہ بنا لیتے ہیں۔

اس ایوارڈ کے سابقہ فاتحین میں گریٹا تھنبرگ اور ملالہ یوسفزئی بھی شامل ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید