دبئی ایئر شو کے دوران بھارت کا مقامی طور پر تیار کردہ جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ ہوگیا۔ بھارتی ایئرفورس نے طیارہ گرنے اور پائلٹ کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی۔
تیجس کی صلاحیتوں سے متعلق بھارتی دعویٰ ہے کہ یہ بھارت کا پہلا مقامی ساختہ سنگل انجن، ملٹی رول لائٹ کومبیٹ ایئرکرافٹ ہے، جو ہندوستان ایرو ناٹکس لمیٹڈ ) اور ایئرو ناٹیکل ڈیولپمنٹ ایجنسی (اے ڈی اے) نے مشترکہ طور پر تیار کیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارے کا 90 فیصد بیرونی ڈھانچہ جدید کاربن فائبر کمپوزٹ سے بنا ہے اور اسے دنیا کے ہلکے ترین سپر سونک لڑاکا طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
بھارت نے تیجس سے متعلق یہ بھی دعویٰ کیا کہ تیجس مارک 1A ورژن AESA ریڈار، جدید الیکٹرانک وارفیئر سسٹم اور اپ گریڈڈ اویونکس سے لیس ہے۔
بھارتی حکام کا دعویٰ ہے کہ تیجس دور اور کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا وسیع ذخیرہ رکھتا ہے، اس میں 8 ہارڈ پوائنٹس، جن میں تین ویٹ ہارڈ پوائنٹس شامل ہیں، یہ ڈراپ ٹینکس کے لیے بھی استعمال ہوتے ہیں۔ طیارہ فضائی ایندھن بھرنے کے نظام سے بھی لیس ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مارچ 2024 میں بھی ایک تیجس طیارہ راجستھان کے جیسلمیر میں تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا۔
بھارتی فضائیہ اپنی تیزی سے کم ہوتی اسکواڈرن تعداد کو پورا کرنے کے لیے تیجس پر بھاری انحصار کر رہی ہے اور اس کے Mk1A ورژن کی مزید ڈلیوریز کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی فضائیہ کا تیجس لڑاکا طیارہ آج دبئی ایئر شو میں پرواز کے مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہو گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ طیارہ فضا میں توازن کھونے کے بعد نیچے آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا۔