فیصل آباد (نمائندہ جنگ) ملک پور کے علاقے میں ایک کیمیکل فیکٹری میں ہونے والے زوردار دھماکے اور آتشزدگی سے فیکٹری کی چھتیں اڑ گئیں اور قریبی مکانات منہدم ہو گئے جس سے 20 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق اور سات شدید زخمی ہو گئے۔ زوردار دھماکے اور آتشزدگی سے فیکٹری کی چھتیں اڑ گئیں ،قریبی مکانات منہدم ہو گئے، ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے لاشیں نکالنے کاکام جاری، ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب پیش آیا۔ ریسکیو 1122کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر جدید مشینری اور آلات کی مدد سے 24 متاثرین کو ملبے سے نکالنے کا کام شروع کر دیا۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق شہاب ٹاؤن کبڈی اسٹیڈیم گراؤنڈ کے قریب ملک پور اس جگہ پہ چار فیکٹریاں اکٹھی بنی ہوئی تھیں اور حادثہ صمد بونڈ بنانے والی فیکٹری میں ہوا ہے جبکہ باقی تین فیکٹریوں میں گلو، سیلیکون اور ایمبرائیڈری کا کام ہوتا ہے جو کہ اس وقت بند تھیں۔ ترجمان کے مطابق اس حادثے میں متاثرہ فیکٹری سے ملحقہ نو گھر وں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بھی زیادہ تعداد اس علاقے کے رہائشیوں کی ہے۔