کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ بار کی جانب سے وکلا کنونشن کے انعقاد کا تنازع, رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ نے سندھ بار کونسل اور سندھ ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کو مراسلہ ارسال کیاہے جس میں کہاگیا کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے لئے مختص عدالتی احاطہ کو کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا، عدالتی احاطہ میں ریلی، احتجاج یا نعرے بازی تقدس کو مجروح کرتا ہے، احاطہ میں احتجاج یا نعرے بازی سے انصاف کی فراہمی کے عمل میں خلل آئے گا، خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔تمام بار ایسوسی ایشنز اور وکلا کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ عدالتی احاطے میں احتجاج یا ریلیوں سے گریز کیا جائے،عدالت کے تقدس کو برقرار رکھنا وکلا کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں شامل ہے۔