• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی ایئرشو، 17.44 ارب روپے کا بھارتی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

کراچی (نیوز ڈیسک ) دبئی میں بھارتی گھمنڈ زمیں بوس ہوگیا، جنگی ساز و سامان کی تیاری میں ایک بار پھر کرپشن بے نقاب ہوگئی ، ائیر شو کے دوران17.44 ارب روپے مالیت کاانڈین ساختہ لڑاکا طیارہ تیجس گرکر تباہ ہوگیا، پائلٹ ہلاک ہوگیا ،دبئی میں ایئر شو کے آخری دن اسٹیڈیم کھچا کچ بھرا ہوا تھا، تیجس طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے شو سے 1.6کلو میٹر دور گر کر تباہ ہوگیا، بھارت نے عدالتی انکوائری کا حکم دے دیا،دبئی ایئر شو کی انتظامیہ نے بھی کہا ہے کہ بھارتی طیارہ گرنے کے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائے گی، حادثے کے بعد ائیر شو کے مزید فضائی مظاہرے عارضی طور پر معطل کر دیئے گئے ہیں، طیارہ بنانے والی بھارتی فضائی کمپنی کے شیئرز گر گئے۔ دو سال میں تیجس کا یہ دوسرا حادثہ ہے، بھارت کو دنیا بھر میں سبکی کا سامنا رہا۔متاثرہ علاقے کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں، حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں، عالمی ایئر شوز میں طرح کے حادثات عام نہیں بات نہیں ۔تفصیلات کے مطابق دبئی میں جاری ایئر شو کے دوران انڈین فضائیہ کا ایک تیجس لڑاکا طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا ہے۔انڈین ایئر فورس نے تصدیق کی ہے کہ اس حادثے میں طیارے کا پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا ہے۔یہ حادثہ دبئی ایئر شو کے آخری روز جمعے کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بج کر 10 منٹ پر پیش آیا، جب تیجس طیارہ ایک فضائی مظاہرے میں شریک تھا۔انڈین ایئر فورس نے اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔فضائیہ کی جانب سے ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں حادثے میں ہلاک ہونے والے پائلٹ کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔انڈین ایئر فورس کے حوالے کیے جانے کے بعد تیجس کو پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ اس سے قبل مارچ 2024 میں انڈیا کی مغربی ریاست راجستھان میں بھی ایک تیجس طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔تیجس سنسکرت زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ’’شعلہ‘‘ یا’’ چمک‘‘ ہیں۔ اس طیارے کو سنہ 2016 میں انڈیا کے فضائی بیڑے میں طویل انتظار کے بعد شامل کیا گیا تھا جس کا مقصد فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنا تھا۔تیجس انڈیا کا پہلا مکمل طور پر دیسی ساختہ لڑاکا طیارہ ہے جو سنگل انجن ہے اور جس میں لگائے گئے پچاس فیصد سے زیادہ حصے انڈیا میں تیارکئے جاتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید