اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو ہمیشہ ایک قریبی، برادر اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے، معاشی تعاون، سرمایہ کاری، سیکیورٹی پارٹنرشپ ،عوامی روابط کے منصوبے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات محض سفارتی نوعیت نہیں رکھتے بلکہ یہ تعلقات عقیدے، تاریخ اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔جامعہ سلفیہ اسلام آباد میں سعودی وزارت مذہبی امور کی سرپرستی اور جامعہ سلفیہ کے اشتراک و تعاون سے عظیم الشان مقابلہ حفظ قرآن کریم کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کے درمیان روابط پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہوئے ہیں۔۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رئیس جامعہ سلفیہ حافظ شیخ محمد شفیق نے سعودی سفیرنواف المالکی اور حکومت سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح کے دینی، تعلیمی اور ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کو دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب کرنے اور دو طرفہ دوستی ومحبت کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ قرار دیا۔