کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے شوگر ملز کی جانب سے سبسڈی کے اجرا کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ 16شوگر ملز کی جانب سے سبسڈی کے لئے درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ سندھ ہائیکورٹ میں درخواست کی سماعت کے موقع پر درخواست گزار کاکہنا تھا کہ ٹڈاپ نے 2013 میں شوگر ملز کو سبسڈی کا اجرا روک دیا تھا، ٹڈاپ کو شوگر ملز کو تقریبا 850 ملین کی سبسڈی ادا کرنی ہے، ٹڈاپ کے وکیل کاکہنا تھا کہ وزارت صنعت و تجارت نے ٹڈاپ کو سبسڈی کے اجرا سے روکا ہے، سبسڈی کے لئے وزارت خزانہ سے فنڈنگ درکار ہوگی، آڈیٹرز کی جانب سے سبسڈی کے دعوی کی جانچ ضروری ہے،تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد ہی سبسڈی کی ادائیگی ممکن ہے، عدالت کاکہنا تھا کہ کیا تمام متعلقہ اداروں کے جواب جمع ہوچکے ہیں؟ سرکاری وکیل کاکہنا تھا کہ وزارت صنعت و تجارت کا جواب جمع ہوچکا ہے، وزارت خزانہ کا جواب جمع کرانے کے لئے مہلت دی جائے۔