کراچی (نیوز ڈیسک)پاکستان کے نیول چیف کا کہنا ہے کہ ترکیہ کے ساتھ شراکت مستقبل کی خود انحصاری کی بنیاد ہے، ترکی کے ساتھ تعاون نے پاکستان کی صنعتی صلاحیت مضبوط کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تیزی سے بڑھتے ہوئے دفاعی اشتراک نے ترکیہ کے ساتھ مل کر خطے میں کامیاب ٹیکنالوجی کی منتقلی کی سب سے نمایاں مثالوں میں سے ایک کی شکل اختیار کر لی ہے۔ یہ بات پاکستان کے نیول چیف نے کہی، جن کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعاون نے اسلام آباد کی مقامی صنعتی صلاحیت کو پہلے ہی ’’نمایاں طور پر مضبوط‘‘ کر دیا ہے۔’’انادولو‘‘ نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے، پاکستان کے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ یہ تعاون، خاص طور پر بحری جہاز سازی کے شعبے میں، یہ ظاہر کرتا ہے کہ خود انحصاری کے مشترکہ عزائم کس طرح ٹھوس صنعتی فوائد میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔