کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی ملاقات، وفد میں کنٹری ڈائریکٹر ایما فین ، ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر اسد علیم، پروجیکٹ آفیسر حامد خان، خیّام عباسی اور سید عدنان بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ای ڈی بی کے وفد کو ریڈ لائن بی آر ٹی کے موجودہ مرحلوں، تعمیراتی رفتار اور تکنیکی امور پر تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔ ملاقات کے موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو بھی موجود تھے۔اس موقع پر سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں جاری ٹرانسپورٹ منصوبوں خاص طور پر ریڈ لائن بی آر ٹی سرکاری سطح پر مثالی منصوبہ بنانے کے لئے حکومت پوری کوشش کر رہی ہے، سندھ حکومت اس منصوبے کو تیزی سے مکمل کرنے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔