دبئی میں محنت مزدوری کیلئے جانیوالے بھارتی نوجوان نے خاکروب کا کام کرتے ہوئے صرف 8 ماہ میں لگژری کار خرید لی۔
دبئی سے ایک متاثر کن کہانی سامنے آئی ہے جہاں ایک بھارتی نوجوان نے صرف آٹھ ماہ میں صفائی کے کام سے ترقی کرتے ہوئے اپنی پہلی گاڑی خریدنے تک کا سفر طے کیا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں گورَو نامی نوجوان نے بتایا کہ وہ 2 فروری 2025 کو وزٹ ویزا پر دبئی پہنچا۔
اس نے لکھا کہ بھارت میں آرام دہ زندگی چھوڑ کر بغیر گھر والوں کو بتائے نکلنا مشکل ترین فیصلہ تھا۔
نوجوان کا کہنا تھا کہ ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں قسمت نہ کھلنے پر اسے چند ہی دنوں میں معاشی مشکلات کا سامنا ہوا۔ جب بقا مقصد بن گئی تو میں نے صفائی کا کام شروع کر دیا، لیکن ہر رات 100 سے زائد درخواستیں مختلف کمپنیوں کو بھیجتا تھا۔
گورَو کے مطابق مسلسل کوششوں کے بعد دو ماہ میں اسے سیلز کی نوکری مل گئی، اور پھر صرف آٹھ ماہ میں اس نے دبئی میں اپنی پہلی کار خرید لی، یہ کار نہیں، میرا سفر ہے۔
نوجوان نے مزید کہا کہ میری یہ کہانی کار کے بارے میں نہیں، بلکہ بلندی کے سفر کے بارے میں ہے۔ بڑے خواب دیکھو، ہمت رکھو اور کبھی ہار مت مانو۔
گورو کا کہنا تھا کہ بڑے بدلاؤ تب آتے ہیں جب آپ اپنی حدوں سے آگے بڑھتے ہیں۔
نوجوان کی ویڈیو نے ایک دن میں چار لاکھ سے زائد ویوز حاصل کرلیے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اسے مبارکباد دینے اور حوصلہ افزا پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔