کراچی (اسٹاف رپورٹر)سیشن عدالت جنو بی نے گارڈن میں ڈمپر کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود کی عبوری ضمانت منسوخ کردی۔، فیصلے کے فوراً بعد لیاقت محسود عدالت سے فرار ہو گئے، عدالت نے لیاقت محسود اور ان کے گارڈ کی گرفتاری کے لیے پولیس کو احکامات جاری کردیئے۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف فائرنگ اور دہشت پھیلانے کے شواہد موجود ہیں، اس مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات کا اطلاق بنتا ہے،تفتیشی افسر کی ویڈیو کے مطابق شریک ملزم نے اسلحہ پکڑا ہوا تھا، ملزم کا موقف تھا کہ اسلحے کا پرمٹ اسے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے جاری کیا تھا، ریکارڈ کے مطابق وہ پرمٹ ایک سال کے لیے تھا جو اکتوبر میں ایکسپائر ہو چکا ہے، جائے وقوعہ کے روز اسلحہ کا پرمٹ ایکسپائر ہوچکا تھا، مدعی کےو کیل کاکہنا تھا کہ وقوعہ کے وقت گارڈز نے عوام پر اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ سے عوام میں خوف و ہراس اور عدمِ تحفظ پیدا ہوا۔