حیدرآباد (رپورٹ/امجد اسلام) حیدرآباد رینج کے1500سے زائد ہیڈ کانسٹبلز گزشتہ کئی سالوں سے ڈپارٹمنٹل پروموشن سے محروم ہیں ‘ 1992ءمیں ہیڈ کانسٹبلز ترقی پانے والے پولیس اہلکار 32سال گزر جانے کے باوجود اگلے گریڈ اے ایس آئی میں ترقی نہیں پاسکے‘ درجنوں درخواستیں آئی جی سندھ کو ارسال کئے جانے کے باوجود پولیس محکمہ کے مذکورہ اہلکار اپنے حق سے محروم ہیں جبکہ عدالتوں میں متعدد درخواستیں زیر التوا کا شکار ہیں۔ ہیڈ کانسٹبلز نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے اپیل کی ہے کہ اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل انہیں ترقی دی جائے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سندھ پولیس میں ناانصافیوں کا سلسلہ جاری ہے‘ اپنی زندگی کے 30 سال سے زائد کا عرصہ دینے کے باوجود سینکڑوں پولیس اہلکار محکمہ جاتی ترقی سے محروم ہیں۔ پولیس رولز کے مطابق سال میں دو بار ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی) کی منظوری کے بعد کم از کم 3 سا ل سے زائد ایک گریڈ پر ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو محکمہ جاتی ترقی دی جائے گی تاہم حیدرآباد رینج جو کہ صوبہ سندھ کا سب سے بڑا رینج ہے جس میں 9 اضلاع شامل ہیں کے سینکڑوں پولیس اہلکار اپنے حق سے محروم ہیں۔