کراچی( جنگ نیوز) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے کہا ہے کہ روزانہ 400 سے 450 اوور فلائٹس پاکستانی فضائی حدود سے گزاری جاتی ہیں، جب کہ اوور فلائٹ چارجز طیارے کے وزن کے مطابق 0.44 سے 1.3 ڈالر فی کلومیٹر مقرر ہیں اور مسافروں پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا جاتا، ایکسائز ڈیوٹیز ایف بی آر وصول کرتا ہے۔اوور فلائٹ چارجز کے حوالے سے اتھارٹی کےجاری بیان کے مطابق اتھارٹی کا کہنا ہے کہ روانگی پر ایئرپورٹ چارجز ڈومیسٹک پروازوں کیلئے 600 روپے جب کہ بین الاقوامی کیلئے 4600 روپے مقرر ہے، ایئرپورٹ چارجز سے حاصل آمدنی کو ٹرمینل اپ گریڈیشن، سہولیات کی توسیع اور جدید آلات پر خرچ کیا جاتا ہے۔اتھارٹی کے بیان کے مطابق لینڈنگ چارجز طیارے کے وزن کے مطابق طے ہیں، جب کہ پارکنگ چارجز فی ٹن فی گھنٹہ وصول کیے جاتے ہیں اور پہلی دو گھنٹے مفت ہوتے ہیں، اتھارٹی کے مطابق ملکی پروازوں پر نیوی گیشن چارجز نہیں ہیں، سیکنڈری ایئرپورٹس پر شیڈول پروازوں سے لینڈنگ یا ہاسنگ چارجز نہیں لیے جاتے، نیز ڈومیسٹک ٹیرف میں 10 سال سے کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔