لاہور (جنرل رپورٹر، خصوصی رپورٹر) قومی و صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، خواجہ عمران نذیر، ملک صہیب احمد بھرتھ ، بلال یاسین نے کہا کہ تاریخی کامیابی پر پاکستان مسلم لیگ کی قیادت اور کارکنوں کی محنت رنگ لے آئی۔ لاہور ، فیصل آباد، ہری پور، ساہیوال سمیت 12سیٹوں پر مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ 13میں سے 12 نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ ن کی کامیابی، مخالفین کی تنقید کا بہترین جواب ہے۔یہ ووٹ پنجاب میں ترقی اور خدمت کی سیاست کا ملا ہے، صوبائی وزیر بلال یاسین نے واضح کیا کہ انتہا پسندی اور بداخلاقی والوں کا مینڈیٹ دفن ہوگیا۔ عوام نے جمہوری و سیاسی عمل کے تسلسل اور خوشحالی کے وژن کو کامیاب کروایا ہے۔ انشاء اللہ ہمارا ہر روز مزید محنت اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر خرچ ہوگا۔ مخالفین کی جیتی ہوئی سیٹ پر بھی عوام نے اپنی رائے کو امن اور ترقی کے نام کر دیا۔