اسلام آباد(طاہر خلیل)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیاست میں سب سے بڑی غلطی بائیکاٹ کی ہوتی ہے، دھاندلی کا الزام تب لگاتے جب آپ میدان میں ہوتے، اپوزیشن کسی انتخابی عمل میں شریک نہیں ہوئی تو دھاندلی کا الزام کیسا؟ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے جس نے ہر موقع پر بھرپور ساتھ دیا ،انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،کومت ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ پیر کو یہاں تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مثبت رویئے سے مسائل کا حل ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز وقت کی ضرورت ہیں، ان کی تیزی سے ترقی ارتقائی عمل کا حصہ ہے، انہوں نے تجویز دی کہ تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز مل کر ایک ایسوسی ایشن تشکیل دیں تاکہ ایڈیٹوریل پالیسی اور کوڈ آف ایتھکس کا باضابطہ نظام قائم ہو سکے۔