واشنگٹن (جنگ نیوز) ایلون مسک کے ایکس پر متعارف نئی پالیسی نے بڑی ہلچل مچا دی۔ جعلی غیر ملکی سیاسی اکاؤنٹس کا انکشاف، فیچر ہٹائے جانے پر ہنگامہ،صارفین کا X پر سیاسی دباؤ کا الزام، About This Account فیچر سے متعدد امریکی دائیں بازو حامی اکاؤنٹس کے نائجیریا، روس، بھارت اور مشرقی یورپ سے چلائے جا رہے تھے۔ ایلون مسک کے پلیٹ فارم X پر متعارف کرائی گئی نئی پالیسی نے چند ہی گھنٹوں میں بڑی ہلچل مچا دی، جب ’’About This Account‘‘ نامی فیچر کے ذریعے یہ انکشاف ہوا کہ متعدد ایسے اکاؤنٹس، جو خود کو امریکی اور MAGA مؤقف کے مضبوط حامی ظاہر کرتے تھے، دراصل نائجیریا، مشرقی یورپ، روس اور بھارت جیسے ممالک سے چلائے جا رہے تھے۔ یہ اکاؤنٹس امریکی سیاسی مباحثوں، خاص طور پر انتخابی ماحول، مہاجرین کے بحران اور دائیں بازو کے بیانیے پر اثر انداز ہونے کے لیے استعمال ہو رہے تھے۔ ان اکاؤنٹس کی سرگرمیوں نے یہ خدشات مزید گہرے کر دیے کہ غیر ملکی عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے امریکی سیاست میں مداخلت کر رہے ہیں۔ امریکی قانون سازوں، خصوصاً ڈیموکریٹس نے اس انکشاف کو ’’بڑی کامیابی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیچر عوام کو سوشل میڈیا پر نظر آنے والی سیاسی گفتگو کی اصل نوعیت سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ تاہم فیچر کی ریلیز کے چند گھنٹوں بعد ہی X کی انتظامیہ نے اسے ہٹا دیا، جس پر پلیٹ فارم کے صارفین، صحافیوں اور سیاسی مبصرین نے شدید ردعمل دیا۔ صارفین نے الزام عائد کیا کہ اکاؤنٹس کا انکشاف سیاسی دباؤ یا تنازع کے خوف سے روکا گیا، جبکہ X انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ابتدائی ڈیٹا VPN کے باعث غلط ہو سکتا ہے، اس لیے درستگی یقینی بنانے کے بعد فیچر دوبارہ متعارف کرایا جائے گا۔ ماہرین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر ملکی اثر و رسوخ کے بڑھتے ہوئے خدشات پر مسلسل خبردار کرتے رہے ہیں، اور اس واقعے نے ایک بار پھر اس بحث کو تازہ کر دیا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو شفافیت اور ذمہ داری کے معاملے میں کس قدر سنجیدگی دکھانی چاہیے۔