کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق نے اپنے پینل کے سامنے سوال رکھا کہ کیا مریم نواز کا ضمنی انتخابات میں کامیابی سے متعلق بیان درست ہے ؟ جواب میں تجزیہ کار سہیل وڑائچ ، ارشاد بھٹی اور محمل سرفراز نے کہا کہ مریم نواز کی تمام باتیں درست نہیں ہیں تاہم کلثوم نواز کے انتخاب سے متعلق ان کا حوالہ درست ہے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں نہ الیکشن بائیکاٹ فائدہ دیتا ہے اور نہ اسمبلیوں کی تحلیل، اس لئے دباؤ کے باوجود سیاسی عمل سے جڑے رہنا ضروری ہے۔ سیاسی جماعتیں مقبولیت کی بجائے قبولیت کی پالیسی اختیار کر چکی ہیں جو افسوسناک رحجان ہے۔ فخر درانی کا کہنا ہے کہ عوام کی امیدیں ابھی ختم نہیں ہوئیں البتہ سیاسی غلطیوں کی قیمت آج پی ٹی آئی کو چکانا پڑ رہی ہے۔ ووٹر ٹرن آؤٹ کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ کئی حلقوں میں ٹرن آؤٹ بہتر تھا اور صرف ایک حلقے میں شرح تیرہ فیصد رہی جبکہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق دس فیصد سے کم ٹرن آؤٹ پر دوبارہ انتخاب ہوتا ہے اس لئے کم ٹرن آؤٹ کا تاثر محض ایک بیانیہ ہے اور حقائق اس سے مختلف ہیں۔ سہیل وڑائچ نے کہا کہ کلثوم نواز سے متعلق جو الیکشن کا حوالہ مریم نواز نے دیا ہے وہ بالکل درست ہے۔ تاہم میری شروع سے یہی رائے ہے کہ چاہے کچھ بھی ہو الیکشن کے بائیکاٹ یا اسمبلیاں توڑنے کا کبھی پاکستان کی تاریخ میں فائدہ نہیں ہوا ۔ سسٹم میں دھکے بھی پڑ رہے ہوں تب بھی سسٹم کے ساتھ جڑے رہنا چاہئے۔ مجموعی طور پر میں سمجھتا ہوں پاکستان کی سیاست میں بہت بڑا موڑ آگیا ہے پہلے لوگ یہ سمجھتے تھے کہ ہم ووٹ ڈال دیں گے گو ہمارا پسندیدہ شخص آجائے گا تو ہمارے کام کروادے گا یا ملک میں تبدیلی آئے گی البتہ اس وقت شدید بے بسی اور مجبوری کا احساس نظر آتا ہے اور پی ٹی آئی کو کوئی امید نہیں رہی سسٹم سے اور عوام نے بھی دلچسپی نہیں لی نہ پی ٹی آئی کا ووٹر نکلا ۔ کہیں ایسا تو نہیں سیاست ہی غیر متعلق ہو رہی ہو اور لوگوں کی سیاست میں ایک بار پھر سے دلچسپی کم ہو رہی ہے۔ نون لیگ بھی سیاسی مفاہمت کی طرف آگئی ہے اور اس نے بھی فیصلہ کر لیا ہے کہ ہماری بقاء مقتدرہ کے ساتھ رہنے میں ہے اور پھر انہیں سیاسی بیانیہ یا سویلین سپرمیسی کے نظریات پر نظر ثانی کی جارہی ہے اور ہوسکتا ہے جمہوریت کے روایتی تصور پر بھی نظر ثانی کی جارہی ہو ایک طرف نون لیگ مضبوط ہوئی ہے لیکن دوسری طرف جمہوریت اور سیاست پر سنجیدہ سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔