کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلفٹن بلاک 2 گراؤنڈ سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی جسے قتل کرنے کے بعد شناخت چھپانے کے لئےچہرہ پر تیزاب ڈالا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن تھانہ کی حدود کلفٹن بلاک 2 چائنہ ٹاون کے قریب گراؤنڈ سے خاتون کی لاش کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کرلاش کو ریسکیو ایمبولنس کی مدد سے جناح اسپتال منتقل کیا، ایس ایچ او بوٹ بیسن سید راشد علی نے بتایا کہ مقتولہ کی عمر 40 سال کے قریب ہے جسے نامعلوم مقام سے اغوا کرنے کے بعد قتل کرکے اسکی لاش کو ہاتھ پاؤں باندھ کر مذکورہ مقام پر پھینکا گیا ہے، مقتولہ کو قتل کرنے کے بعد اسکے چہرہ پر تیز اب ڈالا گیا ہے جس سے اسکا چہرہ ناقابل شناخت ہوگیا ہے،مقتولہ کےجسم پر قمیض تھی تاہم شلوار اور دپٹہ لاش کے ساتھ الگ سے موجود تھا۔