بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ اپنے پیچھے 6 دہائیوں پر محیط شاندار فنی سفر، ایک مضبوط خاندانی ورثہ اور اربوں روپے کی دولت چھوڑ کر گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ’ہی مین‘ کے نام سے مشہور اداکار دھرمندر کے خاندان کا بھارتی فلم انڈسٹری کے بااثر فلمی خاندانوں میں شمار ہوتا ہے۔
ابتدائی زندگی
دھرمندر کا تعلق پنجاب کے ضلع لدھیانہ کے گاؤں نصرالی سے تھا، اِن کے والد کیول کرشن سنگھ دیول ایک اسکول ٹیچر اور والدہ ستونت کور گھریلو خاتون تھیں۔
پہلی شادی اور اولاد
1954ء میں محض 19 سال کی عمر میں دھرمندر نے پرکاش کور سے شادی کی، اس شادی سے اِن کے چار بچے ہیں۔ سنی دیول، بوبی دیول، وجیتا دیول اور اجیتا دیول۔
ہیمامالنی سے شادی
1980ء میں دھرمندر نے اداکارہ ہیمامالنی سے شادی کی جن کے ساتھ اُنہوں نے متعدد سُپرہٹ فلمیں بھی کیں۔
اس رشتے پر کافی تنازعات نے جنم لیا کیونکہ دھرمندر قانونی طور پر پرکاش کور کے شوہر ہی تھے لیکن اِن کی ہیما مالنی کے ساتھ بھی شادی برقرار رہی اور دونوں کی دو بیٹیاں ہیں۔
ہیمامالنی اور اِن کی بیٹیاں ممبئی میں الگ رہتی ہیں جبکہ دھرمندر زیادہ تر اپنے پہلے خاندان کے ساتھ رہتے تھے تاہم دونوں خاندانوں میں ہمیشہ احترام کا تعلق برقرار رہا۔
دولت اور سرمایہ
سرمایہ کاری اور مالی نظم و ضبط نے دھرمیندر کو ایک مضبوط مالی حیثیت دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھرمیندر کی مجموعی دولت کا اندازہ 335 کروڑ سے 450 کروڑ روپے کے درمیان لگایا جاتا ہے۔
دیول خاندان کی مجموعی دولت 1000 کروڑ روپے سے زائد سمجھی جاتی ہے جو اِنہیں بھارتی فلمی دنیا کے طاقتور ترین خاندانوں میں شامل کرتی ہے۔
واضح رہے کہ 89 سالہ معروف اداکار دھرمیندر گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے، اِنہیں سانس سے متعلق شدید تکلیف کے باعث دوبارہ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔