پاکستانی ٹیم کو اے ایف سی انڈر 17 فٹ بال ایونٹ میں لاؤس سے شکست ہو گئی، اس شکست کے بعد قومی ٹیم کو اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کے لیے بقیہ 2 میچز میں ٹاپ ٹیم یمن اور گوام کو شکست دینا ہو گی۔
ایونٹ میں قومی ٹیم نے 3 میچز کھیلے ہیں جن میں 2 میں فتح اور 1 میں شکست کھا کر پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
گروپ بی کے 6 میچز میں سے ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائے گی۔
کرغزستان کے شہر بشکک کے ڈولن عمر زاکوو اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کو اپنے تیسرے میچ میں لاؤس کے خلاف 2-1 کی شکست کا سامنا رہا، پاکستان کا واحد گول عبداللّٰہ نے اسکور کیا۔
پاکستان نے 3 میچز میں سے کمبوڈیا اور کرغزستان کو شکست دے کر 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کی ہوئی ہے۔
لاؤس اور یمن نے 3، 3 کامیابیوں کے ساتھ 9، 9 پوائنٹس حاصل کیے ہوئے ہیں۔
قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ سابق کپتان عیسیٰ خان کا جنگ سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ لاؤس کے خلاف ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کوشش تھی کہ اسے شکست دے کر ٹاپ پوزیشن پر پہنچتے لیکن آخری لمحات میں مخالف ٹیم نے گول کر کے اپنا پلہ بھاری کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ راؤنڈ میں ناک آؤٹ سسٹم ہے اور اس میں سے ایک ٹیم نے کوالیفائی کرنا ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ ٹاپ ٹیم یمن کو شکست دیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم راؤنڈ میں 28 نومبر کو یمن سے جبکہ 30 نومبر کو گوام کے خلاف آخری میچ کھیلے گی۔