• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی گلوکار جیکسن براؤن کے بیٹے اداکار ایتھن براؤن چل بسے


فوٹو: امریکی میڈیا
فوٹو: امریکی میڈیا 

امریکی گلوکار اور گیت نگار جیکسن براؤن کے بیٹے اور ہالی ووڈ اداکار ایتھن براؤن 52 سال کی عمر میں چل بسے۔

ایتھن براؤن منگل کی صبح اپنے گھر میں بے ہوش پائے گئے، جس کے بعد کی موت کی تصدیق کی گئی۔

جیکسن براؤن نے فیس بک پر اپنے بیٹے کی موت کی خبر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بہت دکھ کے ساتھ ہم اطلاع دیتے ہیں کہ 25 نومبر 2025 کی صبح جیکسن براؤن اور فلِس میجر کے بیٹے ایتھن براؤن اپنے گھر میں بے ہوش حالت میں پائے گئے اور انتقال کر گئے۔ اس مشکل وقت میں براؤن خاندان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔ مزید تفصیلات فی الحال دستیاب نہیں۔

ایتھن براؤن 1973 میں جیکسن براؤن اور ان کی اہلیہ فلِس میجر کے ہاں پیدا ہوئے تھے۔ فلِس میجر نے 1976 میں 30 سال کی عمر میں خودکشی کرلی تھی، جس کے بعد جیکسن براؤن کے مطابق ان کا بیٹا ان کی زندگی کا مرکزی محور بن گیا۔

اداکار ایتھن نے بچپن ہی میں اپنے والد کے ساتھ 1974 کے رولنگ اسٹون میگزین کے سرورق پر جگہ بنائی۔ بعد ازاں انہوں نے ماڈلنگ اور اداکاری کو اپنا کیریئر بنایا۔

 وہ 1995 کی فلم ہیکرز میں اینجلینا جولی کے ساتھ نظر آئے، جبکہ 2004 میں کیٹ ہڈسن کے ساتھ فلم ’ریزنگ ہیلن‘ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 2002 میں ’برڈ آف پرے‘ کے ایک ایپیسوڈ میں بھی کام کیا۔

ایتھن براؤن مختلف فیشن مہمات کا بھی حصہ رہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید