• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفاری پارک میں 15جانوروں کے ہاں بچوں کی پیدائش، میئر کا اظہار مسرت

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سفاری پارک میں ایک گھوڑے، سندھ آئی بیکس، چیتل، مفلون، بلیک بَک اور دیگر جنگلی جانوروں کے ہاں بچوں کی پیدائش پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ سفاری پارک میں 15 جنگلی جانوروں کی پیدائش ہوئی ہے، جن کی آمد نہ صرف پارک کی خوب صورتی اور حیاتیاتی تنوع میں اضافہ کرتی ہے بلکہ یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ پارک میں ان کے لیے صحت مند اور سازگار ماحول موجود ہے، یہ کوششیں جنگلی حیات کی افزائش اور مجموعی ماحولیاتی نظام بہتر بنانے کے ہمارے عزم کا عکاس ہے ، اس موقع کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے میئر کراچی نے نومولود جانوروں کے لئے نام رکھنے کی تقریب اور باضابطہ جشن کا اہتمام کرنے کی بھی ہدایت کی، میئر نے کہا کہ ہمیں ان کی آمد کا جشن منانا چاہیے تاکہ ہم اپنی محبت اور دیکھ بھال کا اظہار کر سکیں، حالیہ پیدائش میں ایک مفلون، 4 سندھ آئی بیکس، 4 بلیک بَک،2 چیتل (ہُرَن)، ایک گھوڑا،2 فیلو ڈئیر اور ایک سفید فیلو ڈئیرشامل ہیں، ترجمان کے ایم سی دانیال سیال کے مطابق نومولود جانوروں کا ویٹرنری ٹیم نے تفصیلی طبی معائنہ کیا، ڈاکٹرز نے بتایا کہ تمام جانور مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ان کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، میئر کراچی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ نومولود جانوروں کے لیے بہتر نگہداشت اور پائیدار رہائشی ماحول یقینی بنایا جائے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید