یہ بات سن کر محض مذاق لگے گی کہ اس دنیا میں ایک ایسا شخص بھی موجود ہے جو ہر سال اپنا نام تبدیل کر لیتا ہے کیونکہ نام تبدیل کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔
ہر سال نام تبدیل کرنا مذاق نہیں بلکہ حقیقت ہے، روس کے شہر تیومین میں ایک ایسا شہری موجود ہے جو ہر سال اپنا نام تبدیل کر لیتا ہے۔
اب سب کے ذہن میں یہ سوالات ضرور آئیں گے کہ وہ ایسا کیوں کرتا ہے؟ اور کیسے کر لیتا ہے؟
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ روسی شہری اپنے بچوں کی کفالت کے لیے رقم کی ادائیگی سے بچنے کے لیے ہر سال اپنا نام تبدیل کرتا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ یہ کہانی اس لیے سامنے آگئی کیونکہ رجسٹری آفس عدالتی حکام کو ہر نام کی تبدیلی کے بارے میں مطلع کرتا ہے تاکہ شہریوں کو اپنی قانونی ذمہ داریوں سے فرار ہونے سے روکا جا سکے۔
واضح رہے کہ روس میں بچوں کی کفالت کے لیے رقم کی ادائیگی کرنے میں ناکامی کے نتیجے میں جرمانے ہو سکتے ہیں، ان میں جرمانوں میں ڈرائیونگ لائسنس کی معطلی اور غیر ملکی سفر پر پابندی بھی شامل ہے۔
ایسے افراد جو جان بوجھ کر بچوں کی کفالت کے لیے رقم ادا نہ کریں تو اُنہیں 3 ماہ سے ایک سال تک کی قید بامشقت کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔