پاکستانی نژاد ریٹائرڈ برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ محمد وسیم بہترین فائٹر ہیں، ان کے لیے تھائی لینڈ کے باکسر کے ساتھ فائٹ ایک چیلنج ہے، وہ اس فائٹ میں فیورٹ ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد وسیم نے ٹریننگ میں بہت محنت کی ہے، ان کے پاس اسپیڈ اور پاور ہے، وسیم کے لیے کل کی فائٹ بہت آسان ہے۔
باکسر عامر خان نے کہا کہ لاہور میں انٹرنیشنل باکسنگ ہو رہی ہے، یہ ایونٹ دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے، پنجاب حکومت نے بھی ایونٹ سجانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن اچھا ٹائٹل ہے، میں نے 2008ء میں جیتا تھا، پاکستان کھیلوں میں دن بدن ترقی کر رہا ہے، باکسنگ بھی پاکستان میں فروغ پا رہی ہے، پاکستان میں باکسنگ کا مستقبل روشن دیکھ رہا ہوں۔