وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کہہ رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی بالکل ٹھیک ہیں۔ ملاقاتوں کا تمام معاملہ جیل قوانین کے مطابق ہوتا ہے۔ پی ٹی آئی سیاسی نوعیت کی ملاقات کرنا چاہتی ہے۔
پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ میں گفتگو میں بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ ایسا امکان موجود ہے کہ سیکیورٹی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایک بہن یا وکیل کی ملاقات کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ منگل کو ملاقات کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو وٹس ایپ کالز کی سہولت بھی موجود رہی۔ اڈیالا جیل میں کسی قیدی کو سہولت میسر نہیں کہ وہ وٹس ایپ پر کال کرسکے۔
وزیر مملکت برائے قانون کا مزید کہنا تھا کہ اگر عدالت کا حکم ہوگا تو بانی پی ٹی آئی کی ان کے بیٹوں سے کال پر بات کرا دی جائے گی۔