کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم نے بدعنوانی کے مقدمات میں صدارتی معافی کی درخواست دے دی ۔نیتن یاہو کا کہنا تھا کیسز قوم میں تقسیم پیدا کر رہے ہیں، صدارتی دفتر کے مطابق معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائیگا۔ بنیامین نیتن یاہو رشوت، دھوکہ دہی اور اختیارات کے غلط استعمال کے تین مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو جو رشوت، دھوکہ دہی اور اختیارات کے غلط استعمال کے تین طویل المدتی مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، نے صدر اسحاق ہرزوگ کو باضابطہ طور پر معافی کی درخواست جمع کرا دی ہے۔ صدر کے دفتر نے اسے غیر معمولی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام قانونی رائے لینے کے بعد معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ نتن یاہو کی درخواست ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اسرائیل پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ ان مقدمات میں انہیں معاف کر دیا جائے، جبکہ 2024 میں عالمی فوجداری عدالت (ICC) بھی ان کے خلاف جنگی جرائم کے وارنٹ جاری کر چکی ہے۔ ویڈیو بیان میں نتن یاہو نے کہا کہ یہ مقدمہ قوم میں تقسیم پیدا کر رہا ہے اور معافی سے قومی اتحاد بحال کرنے میں مدد ملے گی، کیونکہ عدالت میں میری باقاعدہ حاضری ملکی قیادت کی ذمہ داریوں میں رکاوٹ بن رہی ہے۔