کراچی (نیوز ڈیسک) شہر قائد میں نیپا چورنگی کے قریب 3سال کا بچہ بغیر ڈھکن کے مین ہول میں گرگیا، بچے کی تلاش جاری ہے۔کراچی کے علاقے نیپا چورنگی کے قریب تین سال کے بچے کا مین ہول میں گرنے کاواقعہ پیش آیا ہے۔ بچے کے گرنے کی اطلاع پر ریسکیو1122 ٹیمیں پہنچیں اور گٹر میں بچے کی تلاش میں مصروف ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ایک فیملی اسٹور میں شاپنگ کیلئے آئی تھی، بچہ اسٹور کے قریب ہی کھلے گٹر کے اندر گرا۔ مین ہول پرڈھکن نہیں لگا ہوا تھا جس وجہ سے بچہ اس میں گرگیا، سیوریج لائن تنگ ہونے کی وجہ سے کرین کا انتظار ہے، بچے کی ماں کا رو رو کر براحال ہوگیا۔ واقعے کے بعد بچے کے اہل خانہ شدید غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں، اس موقع پر بڑی تعداد میں شہری جمع ہوگئے،علاقہ پولیس کی مزید نفری کو بھی موقع پر طلب کرلیا گیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گٹر نیچے سے چوڑائی میں کم ہے جسکی وجہ سے کھدائی کیلئے کرین منگوائی ہے، شاول کی مدد سے کھدائی کے بعد ہی خاکروب گٹر میں مزید آگے جاسکیں گے۔