اسلام آباد( جنگ نیوز )پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے شہریوں کو ذاتی معلومات کی چوری سے بچنے کے لیے انتباہ جاری کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ شہری اپنی ذاتی معلومات جیسے او ٹی پی، شناختی کارڈ یا پاس ورڈز کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور کسی بھی مشکوک لنک یا پیغام پر کلک کرنے سے گریز کریں،۔پی ٹی اے نے اپنے انتباہ میں واضح طور پر بتایا ہے کہ اسکیمرز اکثر خود کو پی ٹی اے، بینکوں یا کوریئر سروسز کے نمائندے کے طور پر پیش کر کے لوگوں سے ان کی ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری کسی بھی مشکوک لنک یا پیغام پر کلک کرنے سے گریز کریں۔پی ٹی اے نے مزید کہا کہ اگر کسی شہری کو فراڈ یا مشتبہ سرگرمی کا سامنا ہو تو فوراً پی ٹی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (CMS) یا موبائل ایپ کے ذریعے شکایت درج کرائیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔