تہران(نیوز ڈیسک)ایران نے تیل اسمگل کرنے والے ایک بحری جہاز کو 13بھارتی شہریوں سمیت پکڑ لیا، سوازی لینڈ کے پرچم بردار جہاز کو بوشہر کی بندر گاہ لے جایا گیا،جہاز پر تین لاکھ 50 ہزار لیٹر سمگل شدہ ڈیزل تھا،ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق پاسداران انقلاب کی بحریہ نے اتوار کو خلیجِ فارس میں تین لاکھ 50 ہزار لیٹر سمگل شدہ ڈیزل لے جانے والے ایک بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق سوازی لینڈ کے جھنڈے والے اس جہاز کو بوشہر بندرگاہ لایا جا رہا ہے، جہاں اس کا سامان اتارا جائے گا۔ جہاز پر سوار 13 افراد کا تعلق بھارت سے ہے، جبکہ ایک کا تعلق ایران کے ایک پڑوسی ملک سے بتایا گیا ہے۔ فی الحال اس پڑوسی ملک کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ایران میں بھاری سبسڈی اور کرنسی کی قدر میں کمی کی وجہ سے ایندھن کی قیمتیں دنیا میں سب سے کم ہیں، جس کی وجہ سے زمینی اور سمندری راستوں سے اسمگلنگ عروج پر ہے۔