کراچی( افضل ندیم ڈوگر) ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے حملے نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے شارجہ کے مسافر کے کئی جوڑی جوتوں سے ایک کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمد کر لی۔ اے ایس ایف حکام نے مسافر کا نام اور پرواز کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں اور بتایا کہ مسافر شارجہ جانے کیلئے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر پہنچا تھا۔ ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے عملے نے اسکیننگ کے دوران مسافر کے پہنے ہوئے اور پھر بیگ میں موجود کئی جوڑی جوتوں کو مشکوک قرار دیا۔ ماہر عملے نے جوتوں میں خفیہ طور پر چھپائی گئی منشیات کا سراغ لگایا اور مجموعی طور پر 1.160 کلوگرام آئس ہیروئن برآمد کرلی۔ مسافر کو گرفتار برآمد منشیات کے ساتھ اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا گیا۔