واشنگٹن (جنگ نیوز) امریکا میں بلیک فرائیڈے پر آن لائن 32کھرب روپے کی ریکارڈ خریداری، اے آئی نے اہم کردار ادا کیا، مصنوعی ذہانت ٹولز کے استعمال سے خریداروں کی توجہ آن لائن پلیٹ فارمز کی جانب، امریکی آن لائن خرچ 9.1فیصد اضافہ، بڑھ کر 32کھرب روپے تک پہنچا۔ آن لائن خرچ میں 9.1 فیصد اضافہ، سائبر منڈے پر مزید بڑی فروخت کی توقعات، 39 کھرب خرچ ہونیکی پیش گوئی کی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں بلیک فرائیڈے کے دوران آن لائن خریداری 11.8 بلین ڈالر (32 کھرب روپے) کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جس میں AI سے چلنے والے شاپنگ ٹولز نے نمایاں کردار ادا کیا۔ خریداروں نے مہنگائی، ٹیرف اور کمزور لیبر مارکیٹ کے باعث اسٹورز کے بجائے آن لائن پلیٹ فارمز کا رخ کیا، جبکہ ای کامرس فروخت میں 10.4 فیصد اضافہ اور روایتی دکانوں میں معمولی بڑھوتری دیکھی گئی۔ AI ٹولز کے استعمال سے ریٹیل ویب سائٹس پر ٹریفک 805 فیصد بڑھ گئی اور صارفین نے لیگو، گیمنگ کنسولز، ایئرپوڈز اور دیگر الیکٹرانکس جیسی مصنوعات زیادہ خریدیں۔ عالمی سطح پر بھی AI ایجنٹس نے 14.2 بلین ڈالر کی آن لائن فروخت پر اثر ڈالا، تاہم قیمتوں میں اضافہ اور محدود ڈسکاؤنٹس کے باعث صارفین نے کم یونٹس خریدے اور اوسط قیمت 7 فیصد بڑھ گئی۔ یہ رجحان سائبر منڈے پر مزید بڑی فروخت کی توقعات کو مضبوط بناتا ہے، جہاں 14.2بلین ڈالر خرچ ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔