کوہاٹ( نمائندہ جنگ )سنٹرل کرم کے علاقہ چنارک میں پولیس پوسٹ پر تحریک طالبان پاکستان کے شدت پسندوں کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا ۔ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ ریجن عباس مجید مروت نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع کرم میں چنارک پولیس پوسٹ پر شڈت پسندوں کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ پولیس کی جوابی کاروائی میں 04دہشت گرد ہلاک جبکہ 06زخمی ہوگئے ہیں ۔عباس مجید مروت نے بتایا کہ حملے میں پولیس کے دو جوان فضل رحمان اور وحید شہید ہو گئے ہیں۔۔ جن کا نماز جنازہ کرم پولیس ہیڈ کوارٹر میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی ہے ۔ زخمی دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے بڑی تعداد میں پولیس اور فورسز کی نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے۔ دہشت گرد افغانستان کے پہاڑی راستے داخل ہوئے تھے۔۔ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عباس مجید مروت نے میڈیا کو بتایا کہ کوہاٹ ریجن میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انھوں نے عوام سے بھی اپیل کی وہ شر پسند عناصر کے خلاف پولیس اور سیکورٹی فورسز کا ساتھ دیں۔