• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر صحافی سید عبدالحفیظ نوری انتقال کر گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب کے سینئر ممبر، کے یو جے دستور کے سابق صدر اور روزنامہ جنگ سے وابستہ سینئر صحافی سید عبدالحفیظ نوری انتقال کر گئے، نماز جنازہ میں صحافیوں، سیاسی وسماجی رہنمائوں کی شرکت،وزیراعلیٰ سندھ ودیگر کی تعزیت ۔انہیں کھیلوں کی صحافت پر ملکہ حاصل تھا، کر کٹ ورلڈ کپ1983 کے علاوہ انہوں نے مختلف کھیلوں کے کئی قومی اور انٹر نیشنل ایونٹ کی کوریج بھی کی، فٹبال باکسنگ، سائیکلنگ اور کر کٹ کے مقابلوں پر انہیں بہت زیادہ عبور تھا،کھیلوں کے حلقوں میں وہ نوری بھائی کے نام سے پکارے جاتے تھے،مرحوم اچھے مترجم بھی تھے،مرحوم کی نماز جنازہ اتوار کو بعد نماز ظہر جامع مسجد عبداللہ اپارٹمنٹ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں کراچی پریس کلب کے سیکرٹری سہیل افضل خان، ممبر گورننگ باڈی قاضی محمد یاسر، سابق سیکرٹری محمد رضوان بھٹی، سابق جوائنٹ سیکرٹری عابد حسین، کے یوجے دستور کے صدر نصر اللہ چوہدری، ناصر شریف،جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان زاہد عسکری ،سماجی رہنما عبدالستار شیخ سمیت صحافیوں ، مرحوم کے عزیز و اقارب اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی بعد ازاں انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینئر صحافی سید عبدالحفیظ نوری کےانتقال پر دلی دکھ کا اظہارکیا ہے، اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عبدالحفیظ نوری کی صحافتی خدمات قابل قدر ہیں۔کراچی پریس کلب کے سیکرٹری سہیل افضل خان ،مجلس عاملہ اور کے یوجے دستور کے صدر نصر اللہ چوہدری، سیکریٹری ریحان خان چشتی اور مجلس عاملہ نے سید عبدالحفیظ نوری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم صحافتی برادری میں اپنے وسیع تجربے، اصول پسندی اور صحافت سے طویل وابستگی کے باعث انتہائی قدر و احترام کی نظر سے دیکھے جاتے تھے۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک مختلف قومی اخبارات میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور متعدد نوآموز صحافیوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک ذمہ دار، با اصول اور وضع دار صحافی تھے۔ اللہ پاک مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطاء فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔ جنگ پبلی کیشنز ایمپلائز یونین (سی بی اے) کے صدر مشتاق اختر اور جنرل سیکرٹری شکیل یامین کانگا اور دیگر عہدیداروں نے سینئر صحافی عبدالحفیظ نوری کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
اہم خبریں سے مزید