کراچی( اسٹاف رپورٹر)سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان میں کرپشن کے حوالے سے رپورٹ تشویش ناک ہے، اس رپورٹ کی مکمل انکوائری کرائی جائے،معاشی استحکام اور ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے جس پر عمل کر کے ہی پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کی معاشی بربادی میں ملک میں اہم لوگوں کی بد عنوانی کا کردار بہت اہم رہا ہے،جس کی وجہ سے ملک آج بیرونی قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے اور عوام مشکلات کا شکار ہیں، نیب جیسا مظبوط ترین ادارہ میں ان کی بدعنوانی کو روکنے میں تاحال مکمل طور پر کامیاب نہیں ہوسکا ہے، ملک کو کرپشن نے دیمک کی طرح چاٹ رکھا ہے۔