• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر صحافی و ادیب نسیم درانی انتقال کر گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ادبی ماہنامہ ’’سیپ‘‘ کے بانی و مدیرصدارتی ایوارڈ یافتہ سینئر صحافی و ادیب نسیم درانی (تمغہ امتیاز)مختصر علالت کے بعد 87 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔14 اگست 1938 کو آگرہ میں پیدا ہونے والے نسیم درانی تقسیم سے چند روز قبل اپنے خاندان کے ساتھ کراچی منتقل ہوئے۔ ان کے والد نصیر احمد خان درانی جوتا سازی کے کاروبار سے وابستہ اور پکے مسلم لیگی تھے۔ کراچی کے رام باغ موجودہ آرام باغ میں نئی زندگی کا آغاز کیا۔ وہ ان چند لوگوں میں سے تھے جنہوں نے ادبی رسالہ نکالنے کو محض ایک مشغلہ نہیں بلکہ اپنی زندگی کی مشقتِ عشق بنا لیا تھا ۔ ماہنامہ ’’سیپ‘‘ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس پر ایم اے کے دس مقالات لکھے گئے ہیں اور اسے پی ایچ ڈی کے تحقیقی موضوع کے طور پر بھی اختیار کیا گیا ہے آج کے کئی معتبر قلم کار جن میں رشید امجد، سلیم اختر، مظہر الاسلام، افسر آذر، نجم الحسن رضوی ان سب کی تخلیقی اُڑان میں "سیپ" کا حصہ شامل ہے۔ حتیٰ کہ پروین شاکر جیسی معروف شاعرہ کی ابتدائی شاعری بھی اسی جریدے کے صفحات پر جلوہ گر ہوئی۔نسیم درانی مرحوم ادبی تنظیم پاکستان رائٹرز گلڈ کے متحرک رکن تھے اور 1995سے 2008 تک مرکزی سیکریٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔

ملک بھر سے سے مزید