اسلام آ باد (رانا غلام قادر) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے اڑتیس کروڑ دس لاکھ ڈالرز فنانسنگ کی منظوری دے دی۔پنجاب میں زراعت، تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کے لیے مجموعی طور پر تین منصوبوں کے لیےمالی معاونت فراہم کرنےکی منظوری دی گئی ہے،یہ منصوبےصوبے کی معاشی ترقی،انسانی وسائل کی بہتری اورپائیدار زرعی نظام کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز پنجاب میں کم کاربن اور موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زرعی مشینوں کے فروغ پر خرچ کیے جائیں گےجس سے 2 لاکھ 20 ہزار دیہی خاندان مستفید ہوں گے،اس منصوبے کے تحت جدیدمشینری کی فراہمی، چھوٹے کاشتکاروں کے لیے نئے فنانسنگ ماڈلز اور 15 ہزارخواتین کی تربیت شامل ہے، اس اقدام سے فصلوں کے بعد ہونے والے نقصانات میں کمی اور فصلوں کی باقیات جلانے جیسے نقصان دہ طریقوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔