انسداد دہشت گردی عدالت کراچی نے سانحہ 9 مئی، اشتعال انگیز تقریر اور ہنگامہ آرائی کے پانچ مقدمات میں استغاثہ کے گواہ پولیس اہلکار کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں مقدمات کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ، راجہ اظہر، خرم شیر زمان و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
شاہ فیصل تھانے میں درج 9 مئی مقدمے میں استغاثہ کے گواہ کی غیرحاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہ پولیس اہلکار سجاد کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے مقدمات کی مزید سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کردی۔
پولیس کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں و کارکنان کے خلاف سانحہ 9 مئی کے تین مقدمات فیروز آباد، ٹیپو سلطان اور شاہ فیصل کالونی تھانے میں درج ہیں۔
پولیس کے مطابق ہنگامہ آرائی اور پولیس موبائل نذر آتش کرنے کا مقدمہ مبینہ ٹاؤن تھانے میں جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنان کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کا مقدمہ لانڈھی تھانے میں درج ہے۔