کراچی (رفیق مانگٹ)برطانوی جریدہ دی اکانومسٹ کے مطابق 2026میں دنیا سات بڑے تنازعات کے دہانے پر کھڑی ہے‘یہ تنازعات ایک خطرناک منظرنامہ پیش کر رہے ہیں۔آئندہ سال ان کا کیاہوگا؟ چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے، مکمل جنگ کے امکانات کم ہیں مگر بحری محاصرہ کے خطرات بڑھ گئے ہیں‘انڈیا اور پاکستان کے درمیان جوہری ہمسایوں کا تنازع پھر غیر مستحکم راستے پر ہے‘ روس اور یوکرین کی جنگ تھکن، تعطل یا نئے بحران کی طرف جا سکتی ہے، جبکہ غزہ کی تباہی کے بعد جنگ بندی نازک ہے اور تعمیرِ نو ابھی دور نظر آ رہی ہے۔ کانگو اور روانڈا کا تنازع کوبالٹ اور سونے کی دولت کی وجہ سے علاقائی آگ بھڑکا سکتا ہے، اور سوڈان میں جاری لڑائی نے 11.6 ملین افراد کو بے گھر کر دیا ہے۔ وینزویلا کا گائیانا پر دعویٰ امریکہ کے ساتھ ممکنہ ٹکراؤ کا نیا خطرہ پیدا کر رہا ہے، اور یہ سب عالمی توانائی، تجارت اور سلامتی پر شدید اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔