کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر )برطانوی قونصلیٹ کراچی میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے نے شاندار تقریب سجائی، جس میں امریکی قونصل جنرل Charles Goodman, برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن Mark Bailey,کراچی میںجاپان کے قونصل جنرلHattori masaru نے خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر جنگ سے گفتگو میں شرمین عبید چنائے نے کہا کہ ہم نےایسی فلمیں بنائی ہیں، جن میں خواتین کی ثابت قدمی،ثقافتی وراثت، کارکردگی، موسیقی، روحانیت اور شناخت جیسے موضو عات پر کام کیا۔تفصیلات کے مطابق دو مرتبہ آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے نے پاکستان کی سب سے بڑی فلم سازی گرانٹ اور رہنمائی پروگرام پٹاخہ پکچرزکے پروگرام اسٹوری شی ٹیلز کے ساتویں ایڈیشن کی تقریب کا انعقاد کیا،جس میں کراچی، ملتان، لاہور،چترال اور کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی آٹھ ابھرتی ہوئی فلم ساز خواتین نے حصہ لیا۔پٹاخہ پکچرز ایس او سی فلمز کا ایک منصوبہ ہے اور برٹش کونسل اور سکاٹش ڈاکیومنٹری انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے چلتا ہے۔اس موقع پر فیلو فلمز کے ٹریلر پہلی بار پیش کیے گئے اور چھ ماہ کے دوران بننے والی گہری انسانی کہانیوں کی ایک ابتدائی جھلک دکھائی گئی۔اس سال شرکاء نے جوڑیوں میں کام کرتے ہوئے ایسی فلمیں تیار کیں جن میں خواتین کی ثابت قدمی،ثقافتی وراثت، کارکردگی، موسیقی، روحانیت اور شناخت جیسے موضو عات پر کام کیا گیا۔