کراچی (محمد ناصر) پاکستان آئیڈل 2025 کے گالا راؤنڈ میں 16ابھرتے ہوئے ستاروں میں جگہ بنانے والے گھوٹکی کے نوجوان گلوکار مہتاب علی کی گھر واپسی پر دوستوں اور اہلِ خانہ نے والہانہ استقبال کیا۔انتہائی غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے مہتاب علی نے اپنی میٹھی آواز، محنت اور جنون کے بل بوتے پر سارے فاصلے مٹا دیے ہیں۔ وہ کئی مشکلات عبور کرنے کے بعد سکھر میں آڈیشن دینے کیلئے پہنچے اور ”پاکستان آئیڈل“ کیلئے منتخب ہو کر علاقے کا نام روشن کردیا۔ ”جیونیوز“ سے گفتگو کرتے ہوئے مہتاب علی کا کہنا تھا کہ موسیقی کے بڑے اسٹیج پر پہنچا خواب تھا، گانے کا شوق انہیں اپنے والد کو دیکھ کر ہوا، اُنہوں نے بتایا کہ والد صاحب جہاں بھی جاتے تھے میں اُن کے ساتھ جاتا تھا، اُن کی گود میں ہی بیٹھا رہتا اور اُنہیں دیکھ دیکھ کر مجھے بھی گلوکاری کا شوق ہوگیا۔ ”پاکستان آئیڈل“ سے کال تو آگئی تھی لیکن وہاں جانے کیلئے میرے پاس کچھ نہیں تھا۔